رفح، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی تجاویز کے باوجود اسرائیلی بمباری میں 100 کے قریب فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، مصر اتوار کے روز امریکا اور اسرائیل کے ساتھ رفح کی راہداری کھولنے کیلئے مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔ ایک مصری عہدیدار نے بتایا کہ مصر اسرائیل سے مطالبہ کررہا ہے کہ وہ مصری سرحد سے منسلک ٹرمینل سے مستقل طور پر دستبردار ہوجائے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ صدر جو بائیڈن کی جنگ بندی کی تجویز کو "مثبت طور پر" دیکھتی ہے، جس سے اسرائیل کی آٹھ ماہ سے جاری جنگ کے رکنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تمام فریق بائیڈن کی جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیں گے۔ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق الثانی نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ فون کال کے دوران کہی۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو قبول کرنے کا مطالبہ کرنے کیلئے ہفتے کو تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلیوں نے ریلی نکالی، بہت سے لوگوں کو خدشہ تھا کہ وزیر اعظم اس تجویز کو مسترد کر دیں گے۔حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے لبنان میں ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔