• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: چین کے جعلی ویزے پر ملائیشیا سے پہنچنے والا نوجوان گرفتار

—تصویر بشکریہ ایف آئی اے
—تصویر بشکریہ ایف آئی اے

ملائیشیا سے کراچی پہنچنے پر ایک نوجوان کو اس کے پاسپورٹ پر چین کا جعلی ویزا ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل کے عملے نے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم محمد حسن فلائٹ نمبر OD135 کے ذریعے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے اتوار کی صبح کراچی پہنچا تھا۔

ملزم کے پاسپورٹ پر چین کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا اور امیگریشن آمد و روانگی کی جعلی مہریں بھی لگی ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق مذکورہ اسٹیمپس کے حوالے سے سسٹم میں کسی قسم کا ریکارڈ موجود نہ تھا، ملزم کے پاسپورٹ پر عمان کی آمد و روانگی کی اسٹیمپس بھی جعلی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق حیدر آباد سے ہے جس سے ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 2200 ملائیشین رنگٹ کے عوض ایجنٹ سے مذکورہ ویزا اور جعلی مہریں لگوائی تھیں۔

ملزم کو بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید