• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللّٰہ کی قومی ہاکی ٹیم کو کینیڈا کیخلاف کامیابی پر مبارکباد




وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیر رانا ثناءاللّٰہ نے پولینڈ میں موجود منیجمنٹ اور قومی ہاکی ٹیم سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کے دوران انکی حوصلہ افزائی کی اور کینیڈا سے بڑے مارجن کے ساتھ کامیابی پر مبارکباد دی۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے پی ایچ ایف صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکریٹری جنرل اولمپئن رانا مجاہد علی سمیت ٹیم منیجمنٹ سے تفصیلی گفتگو بھی کی۔

اس موقع پر پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل اولمپئن رانا مجاہد علی نے فیڈریشن اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل اور دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں پی ایچ ایف کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ فیڈریشن کے معاملات سمیت کھلاڑیوں کی جاب اور ڈپارٹمنٹل سطح پر ٹیموں کی بحالی سمیت اہم امور پر مثبت پیش رفت کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم پاکستان سمیت پوری قوم کو آپ سے امیدیں ہیں، ہم خوش ہیں کہ موجودہ منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کی محنت سے ہاکی کا نام دوبارہ روشن ہوا ہے۔

رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہم ہر سطح پر فیڈریشن کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ اس سلسلے میں پی ایچ ایف صدر میر طارق حسین بگٹی کا کردار بڑا اہم رہا ہے جنہوں نے کھلاڑیوں کےلیے بھرپور انداز میں کام کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ٹیم کی واپسی ہوگی تو منیجمنٹ اور کھلاڑیوں سے ملاقات ہوگی۔

پی ایچ ایف صدر میر طارق حسین بگٹی نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر سمیت حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سپورٹ کے ساتھ ہم مل کر ہاکی کو عروج بام پر لائیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید