امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ کل ایم کیو ایم کے ایک صاحب نے کہا کہ ہم سڑکوں پر آئیں گے، پہلے ایم کیو ایم حکومت سے تو باہر آئے، پھر سڑکوں پر آئے۔
کراچی میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے ادارۂ نورِ حق میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایم کیو ایم بھی وفاق کا حصہ رہی ہے، جس کی وجہ سے شہر کے مسائل حل نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم بھیانک شکل اختیار کرچکا ہے، یہ شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔
منعم ظفر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس شہر پر حکومت کرتے 15 سال ہو گئے، یہ وفاق کا حصہ بھی ہے، حکومتِ سندھ سے سوال بنتا ہے کب تک لاشیں اٹھاتے رہیں گے؟
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ 5 ماہ کے اندر 50 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئی ہیں، کل ایک صنعت کار کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔