پیاز اور کافی کو ایک ساتھ ملانا یقیناً غیر متوقع لگتا ہے، لیکن چین میں آج کل ہری پیاز سے بنائی گئی کافی بےحد مقبول ہو رہی ہے۔
اگر آپ ٹک ٹاک یا انسٹاگرام پر #springonionlatte ہیش ٹیگ کو سرچ کریں، تو آپ کو درجنوں تصاویر اور ویڈیوز ملیں گی جن میں پیاز سے سجی لاٹے کے کپ دکھائی دیں گے۔
یہ پہلی بار پچھلے ماہ وائرل ہوئی، جب متعدد ایشیائی اشاعتوں نے اس غیر معمولی مشروب پر تبصرے کیے اور اسے اب تک کی سب سے حیرت انگیز ترکیب قرار دیا۔ اس کافی کو ’اسکالیئن لاٹے‘ کہا جاتا ہے۔
بظاہر اسے بنانے کا طریقہ آسان دکھائی دیتا ہے جس میں ہری پیاز کو میش کرکے اس میں برف، دودھ اور کافی ڈالی جاتی ہے اور آخر میں اوپر کٹی ہوئی سبز پیاز ڈال دی جاتی ہے۔
کسی کو نہیں معلوم کہ اسکالیئن لاٹے کہاں، کب اور کیسے ایجاد ہوئی، لیکن حالیہ مہینوں میں یہ عجیب ترکیب اتنی کافی شاپس میں اپنائی گئی کہ اس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی۔
یہ چین میں 'ڈارک کزین' یا 'ہی آن لاؤ لی' کے نام سے جانے جانے والے عجیب و غریب ملاپ کی بڑھتی ہوئی فہرست میں تازہ اضافہ ہے۔
ڈارک کزین بنیادی طور پر ان کھانوں اور مشروبات کو کہتے ہیں جو لوگوں کی حسیت کو آزمانے کےلیے بنائے جاتے ہیں۔