• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جیو نیوز‘ کے سوشل میڈیا کارکن کو سندھ اسمبلی کے باہر لوٹ لیا گیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

’جیو نیوز‘ کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ شرجیل احمد خان کو 3 مسلح ملزمان نے آج صبح سندھ اسمبلی کے باہر لوٹ لیا، ملزمان شرجیل سے موٹر سائیکل بھی چھین کر لے گئے۔

’جیو نیوز‘ کے سوشل میڈیا کے رکن شرجیل احمد صبح لیاقت آباد سے صدر کے راستے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ’جیو نیوز‘ کے دفتر ڈیوٹی پر آ رہے تھے کہ  سندھ اسمبلی اور سندھ ہائی کورٹ کے درمیانی روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، ان  سے نقد رقم، موبائل فون اور بیگ چھین لیا۔ 

ملزمان نے جاتے ہوئے اسلحے کے زور پر ان سے 70 سی سی موٹر سائیکل سپر اسٹار ماڈل 2020ء بھی چھین لی اور فرار ہو گئے۔ 

شرجیل احمد خان کے مطابق واردات کے بعد انہوں نے مددگار 15 پولیس کو واردات کے بارے میں فوری اطلاع دی، پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ان کی مدد کرنے کے بجائے انہیں فون پر ہی رپورٹ درج کیے جانے کی اطلاع دی اور آرام باغ تھانے جا کر مزید رپورٹ درج کرانے کا مشورہ دیا۔

شرجیل کے مطابق وہ فوری طور پر آرام باغ تھانے پہنچے، تھانے میں ڈیوٹی پر موجود عملے نے جائے وقوع پر جانے کے بجائے بیٹھے بیٹھے ان سے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ 

شرجیل نے کہا کہ آرام باغ تھانے میں تحریری درخواست میں واردات رپورٹ کر دی تو پولیس افسر نے پیر کو سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے کارروائی کا آغاز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

قومی خبریں سے مزید