• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بدو بدی‘ یوٹیوب سے ابرارالحق نے ڈیلیٹ کروایا: گانے کی ماڈل کا الزام

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
کولاج بشکریہ سوشل میڈیا 

راتوں رات مشہور ہونے والے بے سرے گانے ’بدو بدی‘ کی اداکارہ وجدان راؤ نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیوب سے ’بدو بدی‘ گانا ابرارالحق نے حذف کروایا ہے۔

یاد رہے کہ خود ساختہ مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان کی جانب سے گایا گیا ’اکھ لڑی بدو بدی‘ گانے کا ری میک ’بدو بدی‘ یوٹیوب سے حذف کر دیا گیا ہے۔

اس گانے نے 2 ماہ کے دوران 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے، گانے کی کمائی سے متعلق اس میں بطور ماڈل کام کرنے والی اداکارہ وجدان راؤ کا دعویٰ ہے کہ ’بدو بدی‘ نے 70 ملین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ وجدان راؤ کو اسی گانے کی بدولت شہرت حاصل ہوئی ہے، وہ آج کل متعدد انٹرویوز میں مصروف ہیں اور گلوکار چاہت فتح علی کے خلاف بیانات دیتی بھی نظر آ رہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے اور چاہت فتح علی خان نے گانے میں برابر کی محنت کی تھی مگر مجھے محنت کا صلہ نہیں دیا گیا، مجھے کوئی معاوضہ نہیں ملا، معاوضے کے نام پر صرف 4 ہزار تھما دیے گئے۔

اب ایک حالیہ انٹرویو میں وجدان راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’بدو بدی‘ گانے کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کروانے میں معروف گلوکار ابرارالحق کا ہاتھ ہے۔


اداکارہ و ماڈل وجدان کے اس بیان پر شو کی میزبان بھی چونک پڑیں۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ دیگر نامور گلوکار اس گانے کے راتوں رات مشہور ہونے پر حیران ہیں۔

وجدان راؤ کے مطابق بہت سے ایسے نامور گلوکار ہیں جو برسوں سے محنت کے باوجود بھی یوٹیوب پر اتنے ویوز حاصل نہیں کر سکے جبکہ اس مزاحیہ گانے نے کچھ ہی وقت میں 28 ملین ویوز لے لیے۔



انٹرٹینمنٹ سے مزید