• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کا افغانستان کیلئے 150 ملین یورو امداد کا اعلان

یورپی یونین نے بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے پیش نظر افغانستان میں قحط کے خطرے سے بچنے کیلئے 150 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

یورپی یونین کے مطابق یہ فنڈنگ ​​افغانستان کے اندر کام کرنے والے بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد کرے گی۔ 

اس میں سے تقریباً 126 ملین افغانستان جبکہ 11 ملین پاکستان اور 11 ملین ہی ایران میں افغان پناہ گزینوں اور ایران میں انسانی تنظیموں کی ضرورت کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنائے گی۔

یورپی یونین کے مطابق اس کی مالی اعانت سب سے زیادہ کمزور آبادیوں بالخصوص دشوار گزار علاقوں میں رہنے والی کمیونٹیز کی ضروریات کو پورا کرتی رہے گی۔

اس رقم کے ذریعے خوراک، پناہ گاہ، صحت کی دیکھ بھال اور پانی اور صفائی تک رسائی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہنگامی حالات میں تعلیم کے لیے 14.5 ملین یورو تک مختص کیے گئے ہیں، کیونکہ 8 ملین بچوں اور نوعمروں کو تعلیمی امداد کی ضرورت ہے، بشمول 1.4 ملین لڑکیاں جو سیکنڈری اسکول تک رسائی سے محروم ہیں۔

اس کے علاوہ اس رقم میں سے افغان پناہ گزینوں کی میزبان کمیونٹیز کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 7 ملین یورو سے زیادہ خرچ کیے جائیں گے۔ مثال کے طور پر، قانونی مدد، صحت کی دیکھ بھال اور غذائیت کے ساتھ ساتھ تعلیم تک رسائی فراہم کرنا شامل ہے۔

مزید 4 ملین یورو ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کےلیے وقف کیے جائیں گے۔ ایران میں 10.25 ملین یورو تک کی زیادہ تر فنڈنگ، بے گھر ہونے والی افغان آبادیوں اور میزبان برادریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دی جائے گی۔

یورپی یونین کے مطابق اس کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد مکمل طور پر زمین پر کام کرنے والے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید