• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی خاتون اول پر جنس تبدیلی کا الزام عائد کرنے والی 2 خواتین کیخلاف دائر مقدمے کا آغاز

تصویر بشکریہ اے ایف پی
تصویر بشکریہ اے ایف پی

فرانسیسی خاتون اول بریجیٹ میکرون پر جنس تبدیلی کا الزام عائد کرنے والی دونوں خواتین پر دائر مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022 میں بریجیٹ میکرون نے 2 خواتین امنڈائن رائے اور نتاشا رے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا تھا، جنہوں نے دسمبر 2021 میں یوٹیوب پر ان کے خلاف ویڈیو پوسٹ کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں ان خواتین نے فرانسیسی خاتون اول پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ کبھی ’جین مشیل‘ نامی مرد تھیں، وہ اپنی جنس تبدیل کروا کر عورت بنی ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے مزید سنگین الزامات بھی لگائے گئے تھے۔

اب اس مقدمے میں پیش رفت ہوئی ہے اور گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے بعد باقاعدہ مقدمے کا آغاز ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2021ء میں 49 سالہ خود ساختہ روحانی شخصیت امنڈائن رائے نے اپنے یوٹیوب چینل پر نتاشا رے نامی صحافی کا 4 گھنٹے پر مشتمل انٹرویو پوسٹ کیا تھا، جس میں صحافی نے کھوج لگائے گئے ’ریاستی جھوٹ اور دھوکہ دہی‘ کے بارے میں بات کی تھی۔

گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں امنڈائن رائے عدالت میں پیش ہوئیں اور مذکورہ انٹرویو کے حوالے سے سوالات کے جوابات دیے جبکہ صحافی نتاشا رے نے بیماری کے باعث عدالتی کارروائی میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر 46 سالہ صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی 71 سالہ اہلیہ بریجیٹ میکرون بھی عدالت میں موجود نہیں تھیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ بریجیٹ میکرون کے کیس کا فیصلہ 12 ستمبر کو ہونا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید