سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کی سماعت 19جولائی تک ملتوی کر دی گئی ۔خصوصی عدالت نے وزارت داخلہ سے پرویز مشرف کی جائیداد کی تفصیلات داخل نہ کرنے پر جواب طلب کرلیا ہے۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ ملزم پرویز مشرف کو باربار ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ پیش ہوں ، باربار ہدایت کے باوجود پرویز مشرف پیش نہ ہوئے۔
جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ پرویز مشرف کےوکلا کو سماعت کا موقع نہیں دیں گے، اس پر وکیل پرویز مشرف احمد رضا قصوری نے کہایہ آپ لکھ کر دیں ،میں آئین کے بانیوں میں سے ہوں ، آپ آرڈر پاس کریں ، اس پر عدالت نے کہا کہ آپ بطور وکیل آکر بیٹھ سکتے ہیں لیکن آپ کو سنیں گے نہیں ۔
پراسیکوشن کی طرف سے بھی کیس میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔عدالتی احکامات کے باوجو د وزارت داخلہ نے مشرف کی جائیداد کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ استغاثہ کی طرف سے بھی سینئر وکلا کے بجائے جونئیر وکلا پیش ہوئے ۔