قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ ٹیم متحد ہے، چیئرمین پی سی بی کی سرجری کی بات کا علم نہیں ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سید محسن رضا نقوی نے پاک بھارت میچ کے بعد قومی ٹیم کی سرجری کرنے کی بات کی، تاہم لگتا ہے قومی ٹیم اس گفتگو اور بیان سے لاعلم ہے۔
نیویارک میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے میڈیا زون میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی، افسوس ہے کہ نتائج ہمارے حق میں نہیں رہے۔
دائیں ہاتھ سے تیز گیند کرنے والے بولر کہتے ہیں کہ امریکہ کی پچز ڈبل پیس ہیں، یہاں معاملات بلے بازوں کے لیے قدرے مشکل ہیں۔
حارث رؤف، جنہوں نے ورلڈ کپ کے دوران ٹی20 کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری مکمل کی، کہتے ہیں کہ ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور مثبت کھیل پر توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلوریڈا میں بارش سے متعلق بات کی جارہی ہے، موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں، میچ ہوا تو جیت کر آگے بڑھنا چاہیں گے۔