گوشت ہے، تو گوشت کے پکوان بنتے ہی رہیں گے۔ پورا سال نہ سہی، بعد از عیدالاضحی تو دسترخوان گوشت کے رنگا رنگ ، ذائقے دار پکوانوں سے سجا ہی اچّھا لگتا ہے۔ یوں تو قربانی کے فوراً بعد ، تازہ کلیجی ہی پکانے، کھانے کا رواج ہے، لیکن کچھ لوگ فریز بھی کر دیتے ہیں۔ تو آج ہم اُن ہی لوگوں کے لیے کلیجی کی ایک منفرد ترکیب کے ساتھ چانپ کڑاہی اور بیف پلائو کے ساتھ حاضر ہیں۔
کلیجی مسالا
اجزا: بکرے کی کلیجی آدھا کلو، پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، ٹماٹر (چوکور کاٹ لیں) دو عدد، شملہ مرچ (کیوبز میں کاٹ لیں) دو عدد، ہری مرچ (کاٹ لیں)، دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت سیاہ مرچ آدھا چائے کا چمچ، بڑی الائچی دو عدد، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کیچپ ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا آدھی گڈی اور تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے گرائنڈر میں ثابت دھنیا، سفید زیرہ، کالی مرچ اور الائچی ڈال کر اچھی طرح گرائنڈ کرلیں۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سنہری کرلیں اور اس میں ٹماٹر ڈال کر گلنے دیں۔ اس کے بعد کلیجی ڈال کر پانچ منٹ تک فرائی کریں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کے مزید بُھون لیں۔ اب اس میں کیچپ، گرائنڈ کیا ہوا مسالا اورہلدی، نمک ڈال کر اچّھی طرح مکس کریں اور ڈھکن ڈھانک کر ہلکی آنچ پر 20سے 25منٹ کے لیے پکنے دیں۔ جب خوش بُو آنے لگے، تو شملہ مرچ اور ہری مرچیں ڈال کر بُھونیں اور ہرا دھنیا چھڑک کر دَم دے دیں۔
بیف پلاؤ
اجزا: چاول آدھا کلو بھیگے ہوئے، گوشت آدھا کلواُبلا ہوا، ٹماٹر ایک پاؤ کٹے ہوئے، دہی ایک پاؤ، پیاز دو عدد، تیزپات دوعدد، بڑی الائچی دوعدد، لونگ چارعدد، ہری مرچیں دس عدد، پِسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک دو چائے کے چمچ، تیل آدھی پیالی۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز سنہری کر لیں۔ اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، کٹے ہوئےٹماٹر، ہری مرچیں، زیرہ، ثابت کالی مرچ، تیز پتے، لونگ، بڑی الائچی، پسی ہوئی لال مرچ، نمک اور ہلدی ڈال کر ہلکا سا بُھون لیں۔
پھر اس میں اُبلا ہوا گوشت اور دہی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پانچ سے دس منٹ کے لیے دَم پر رکھیں۔ اِس کے بعد بھیگے ہوئے چاول اور ڈیڑھ گلاس پانی ڈال کرپکنےدیں۔ جب پانی خشک ہو جائے، تو بیس منٹ کےلیے دَم پر رکھ دیں۔ شان دار بیف پلاؤ تیار ہے۔
نتاشا حسین، سکھر
چانپ کڑاہی
اجزا: بکرے کی چانپیں ایک کلو، پیاز (باریک کٹی ہوئی) دو عدد، ٹماٹر آدھا کلو، پسا ہوا لہسن، ادرک ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا)، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ، زیرہ ایک کھانے کا چمچ، پسا ہوا دھنیا ایک کھانے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، کُٹی ہوئی سُرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ، نمک آدھا چائے کا چمچ، تیل ایک پیالی۔
ترکیب: ایک دیگچی میں چانپوں کو آدھے کھانے کے چمچ ہلدی کے ساتھ ابال لیں۔ اب ایک الگ دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز بادامی کر لیں اور اُس میں لہسن، ادرک کا پیسٹ، دھنیا پاؤڈر، زیرہ ، بچی ہوئی ہلدی، سُرخ مرچ پاؤڈر، کٹی ہوئی مرچ، گرم مسالا اور نمک ڈال کر بُھون لیں۔
پھر بُھنے ہوئے مسالے میں اُبلی ہوئی چانپیں اور لمبائی میں کٹے ہوئے ٹماٹر تل کر 20منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ جب ٹماٹر گَل جائیں، تو اچھی طرح سے بُھون لیں اور آدھی پیالی پانی ڈال کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں۔ آخر میں لیموں کے رس، ہرے دھنیا اور ہری مرچوں سے گارنش کر کے ڈش میں نکال لیں۔
اسما شاہ، کراچی