سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 19 کے پلے گراؤنڈ سے فوری مویشی منڈی ہٹانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کے ایم سی کو مویشی منڈی کا اجازت نامہ منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کے ایم سی اور ڈی سی سینٹرل کو گراؤنڈ اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ٹھیکیدار کو 7 دن میں آکشن کے پیسے بھی واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ پلے گراؤنڈ کا ستیاناس کردیا ہے۔
ڈی سی سینٹرل کا کہنا تھا کہ کے ایم سی نے مشاورت سے گراؤنڈ میں مویشی منڈی لگانے کی اجازت دی تھی، علاقہ مکینوں نے بھی عید کی نماز ادا کرنےکی درخواست دے رکھی ہے، مویشی منڈی ختم کردی گئی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ناظر رپورٹ کے مطابق مویشی منڈی موجود ہے۔