• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان سرحد پر کڑی نگرانی، اسمگلرز نے نیا روٹ دریافت کرلیا

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سے متصل پاک افغان سرحد پر روایتی اسمگلنگ روٹس پر اینٹی اسمگلنگ آپریشن کے بعد اسمگلروں نے نئے غیر روایتی راستے کا انتخاب کرلیا ، ضلع پشین کے راستے سیکڑوں گاڑیوں اور ٹرکوں کے ذریعے اسمگلنگ جاری ۔ سرکاری حکام کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق نوشکی، چاغی ،چمن میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں فینسنگ، کڑی نگرانی اور اینٹی اسمگلنگ کارروائیوں کے باعث صوبے سے اسمگلنگ میں نمایاں کمی آئی تھی تاہم اسمگلروں نے ضلع پشین سے نئے راستے کا انتخاب کرتے ہوئے ایک بار پھر بڑی تعداد میں گٹکا، چھالیہ، سولر پینل، گاڑیوں، ٹائر، کپڑے ، سگریٹ سمیت دیگر اشیاء کی اسمگلنگ شروع کردی ۔ رپورٹ کے مطابق اسمگلر اب افغانستان کے علاقوں اسپن بولدک سے معروف اور پھرضلع پشین کے علاقے توبہ کاکڑی سے اسمگلنگ کا سامان ضلع قلعہ عبداللہ کے گوداموں میں ڈمپ کر رہے ہیں جہاں سے بسوں، ٹرکوں ، چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے اشیاء کی اسمگلنگ اندورن ملک کی جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 240کے قریب ٹرک سامان اور 80سے زائد نان کسٹم پیڈگاڑیاں پاکستان میں اسمگل کی گئیں ۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ضلع پشین میں حالیہ بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے باعث خار دار تار (فینس ) کو نقصان پہنچا جس کے بعد اسمگلروں نے یہ راستہ اختیار کیا ۔

اہم خبریں سے مزید