اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب پر پاکستانی وفد نے احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد جیسے ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے خطاب کیلئے پہنچے، پاکستانی وفد نے اپنا احتجاج عالمی فورم پر ریکارڈ کروادیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کا خطاب شروع ہوتے ہی مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی واک آؤٹ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کےاسٹیج پر آتے ہی درجنوں سفارتکار جنرل اسمبلی ہال سے باہر نکل گئے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگ اور یوکرین میں خطرناک لڑائی جاری ہے، ہم فلسطین کی مقدس سرزمین پر ایک بڑا المیہ رونما ہوتے دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچے زندہ دفن ہو رہے ہیں، جل رہے ہیں اور دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔