ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللّٰہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللّٰہ اور تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین بالکل صحت مند ہیں، اسرائیلی حملے سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم حزب اللّٰہ کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا نے لبنان میں اپنے نمائندے کے ذرائع کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کی شام کیے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللّٰہ کی قیادت کا کوئی بھی شخص شہید نہیں ہوا، اسرائیل اپنے مزموم مقاصد میں ناکام رہا۔
اس سے پہلے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بیروت کے جنوبی علاقے داہیہ میں اسرائیلی طیاروں نے سید حسن نصراللّٰہ اور صفی الدین کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے 15 میزائل فائر کیے تھے جن سے 6 عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔
لبنانی میڈیا نے ابتدائی طور پر 2 افراد جاں بحق اور 76 زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حملے سے کچھ دیر پہلے اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے بیروت حملے کو بڑے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے امریکا کا دورہ مختصر کردیا، لبنان میں ایرانی سفارتخانے کا کہنا ہے اسرائیلی حملہ کشیدگی میں اضافے کا خطرناک کھیل اور قابل سزا جرم ہے، حماس نے بیروت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔