• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن نصراللّٰہ کی بیٹی زینب نصراللّٰہ سمیت 3 اہم رہنما بیروت حملے میں شہید، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے داہیہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملے میں حسن نصر اللّٰہ کی بیٹی زینب نصر اللّٰہ سمیت حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

حزب اللّٰہ نے خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی، حزب اللّٰہ نے اسرائیلی فوج کے بیروت کی رہائشی عمارتوں کے تہہ خانوں میں اسلحہ ہونے کے بیان کی تردید بھی کی ہے۔

گزشتہ روز حزب اللّٰہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں کے حملے میں 6 عمارتیں تباہ، 8 افراد شہید، 91 زخمی ہوگئے۔

حزب اللّٰہ ذرائع کے مطابق حسن نصر اللّٰہ محفوظ ہیں، حزب اللّٰہ کی جانب سے 65 راکٹ فائر کیے گئے، کئی مقامات پر آگ لگ گئی، اسرائیلی شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کردیا گیا، فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ ہے، شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔

زینب نصراللّٰہ کی شہادت کا دعویٰ

اسرائیلی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بیروت میں حزب اللّٰہ کے ہیڈ کوارٹر پر کیے گئے اسرائیلی حملے میں زینب نصراللّٰہ کی شہادت کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم حزب اللّٰہ یا لبنانی حکام کی جانب سے تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زینب نصر اللّٰہ لبنان میں حزب اللّٰہ کی حمایت اور اپنے خاندان کی قربانیوں کیلئے ایک مضبوط آواز کے طور پر پہچان رکھتی ہیں۔

زینب حسن نصراللّٰہ اپنی عوامی گفتگو میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں 1997 میں اپنے بھائی ہادی کی شہادت کا تذکرہ بھی کرتی رہی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللّٰہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللّٰہ اور تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین بالکل صحت مند ہیں، اسرائیلی حملے سے انہیں کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم حزب اللّٰہ کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا نے لبنان میں اپنے نمائندے کے ذرائع کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کی شام کیے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللّٰہ کی قیادت کا کوئی بھی شخص شہید نہیں ہوا، اسرائیل اپنے مزموم مقاصد میں ناکام رہا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید