• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انضمام الحق نے اپنے ایجنٹ طلحہ رحمانی سے راہیں جدا کر لیں

کراچی(عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹرانضمام الحق نے سایا کارپوریشن اور اپنے ایجنٹ طلحہ رحمانی سے اپنی راہیں جدا کر لیں۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ طلحہ میرا میڈیا پر آکردفاع کرنے میں ناکام رہے۔ واضح رہے کہ طلحہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان ،شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق سمیت کئی کھلاڑیوں کے ایجنٹ ہیں۔ اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران انضمام الحق پر الزام لگا تھا کہ وہ سایا گروپ کے ڈائریکٹر ہیں جس کے بعد اس وقت کے چیئرمین ذکاء اشرف نے انضمام الحق کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انضمام الحق نے احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا لیکن پی سی بی کی جانب سے تحقیقات منظر عام پر نہ آسکیں۔8ماہ بعد انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ جب میں چیف سلیکٹر تھا وہ میرے ایجنٹ تھے اب نہیں ہیں۔ میں1991سے کھیل رہا ہوں اور میری بھی ایک ساکھ ہے میں نے بورڈ سے کہا تھا کہ طلحہ کو بلایا جائے تاکہ حقیقت کا علم ہوسکے۔ پی سی بی نے اسے نہیں بلایا لیکن میں نے طلحہ سے کہا کہ میڈیا پر جاکر حقائق بتاؤ اور کلیئر کرو، لیکن وہ ٹی وی پر نہیں آیا ۔ جس کے بعد میں نے اس کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ۔ مجھے سایا کا ڈائریکٹر کہا جارہا تھا، میں نے اپنی ساکھ کی خاطر راستہ جدا کر لئے۔

اسپورٹس سے مزید