• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 سال امپائرنگ کے بعد علیم ڈار کا ریٹائر ہونے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دنیا کے معروف پاکستانی امپائر علیم ڈار2024-25کے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ انہیں دنیا کے سب سے زیادہ قابل احترام اور قابل تعریف کرکٹ امپائرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، وہ آئی سی سی امپائر آف دی ایئر 2009-2011 کیلئے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے تین بار فاتح بھی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تقریباً 25 سال سے امپائرنگ میری زندگی رہی ہے اور چند انتہائی یادگار میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ دنیا کے چند بہترین میچ آفیشلز کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے تاہم اب وقت آگیا ہے کہ اپنے سماجی اور چیریٹی کاموں پر پوری توجہ مرکوز کروں۔ میرا اسپتال کا پروجیکٹ اور دیگر اقدامات میرے دل کے بہت قریب ہیں اورانہیں میری پوری لگن اور توجہ کی ضرورت ہے۔ ساتھیوں اور فیملی کی سپورٹ سے امپائرنگ میں تقریباً وہ سب کچھ حاصل کیا جس کی خواہش کی تھی، میں یہ بھی محسوس کرتا ہوں کہ ایک طرف ہوجانا اور ابھرتے ہوئے امپائرز کو ابھرنے اور چمکنے دینے کا یہ صحیح وقت ہے۔میچ آفیشلز کی اگلی نسل کی رہنمائی اور معاونت کے لیے پرعزم اور ان کی رہنمائی کیلئے ہمیشہ دستیاب رہوں گا۔ 56سالہ علیم نے 2003 سے 2023 تک آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231ون ڈے انٹرنیشنل، 72ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 5ویمنزٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز، اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔

اسپورٹس سے مزید