• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاجسٹک معاملات تاخیر کے شکار، پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شیڈول کی منظوری کا خواہاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کی حتمی منظوری میں تاخیر سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو میگا ایونٹ کے لاجسٹک معاملات کو فائنل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی حکام سے حالیہ ملاقات میں شیڈول جلد منظور کرنے کا کہا ہے، لاجسٹک معاملات کی کنفرمیشن کیلئے پی سی بی شیڈول جلد از جلد فائنل کرنا چاہتا ہے۔ پی سی بی نے مجوزہ شیڈول کے مطابق عبوری بکنگز کرا رکھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اکتوبر کے آخر تک چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا حتمی اعلان کرسکتا ہے۔ خیال رہے کہ مجوزہ شیڈول میں پاکستان نے بھارتی ٹیم کے تمام میچز لاہور میں رکھنے کی تجویز رکھی ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا دعوے کررہا ہے کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان جانے کی اجازت ملنا مشکل ہے، بھارتی بورڈ ٹورنامنٹ ہائی برڈ فارمولا کے مطابق کھیلنے کا خواہشمند ہے۔ دریں اثنا اگلے ماہ خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری اور آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ دوسری جانب پی سی بی کے چیئر میں محسن نقوی کی صدارت میں جمعے کو بورڈ کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں ڈومیسٹک ایونٹس اور مستقبل میں ہونے والی انٹر نیشنل سیریز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اس حوالے سے پیش کی جانے والی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ان حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید