• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی کے مضافات میں 22 یا 23 جون کو بارش کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی میں سپرہائی وے اور اس کے اطراف میں بارش ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق پنجاب اور کشمیر میں مون سون کا آغاز 29 یا 30 جون سے ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ سندھ میں 5 یا 6 جولائی کے بعد مون سون کا آغاز ہو سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں سال کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔

کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روزکے دوران درجۂ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، جہاں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

آج سے اتوار کے دوران درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے ، جبکہ آج شام یا رات شہر میں کہیں کہیں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

ہفتے کو کراچی کے مضافات میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی آج موسم گرم اور کہیں شدید گرم اور خشک رہے گا، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور دیگرعلاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

حیدر آباد اور ٹھٹہ میں کل دوپہر یا شام میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید