سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ نے ہیومن ملک بینک کا منصوبہ روک دیا ہے۔
ترجمان ایس آئی سی ایچ این نے کہاہے کہ ہیومین ملک بینک کے مسئلے پر دارلعلوم کراچی اور اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ایس آئی سی ایچ این کا بنیادی مقصد بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود ہے، قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے 34 ہفتے یا کم مدت کے ہوتے ہیں، ان کا وزن کم ہوتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ان میں سےاکثر ماؤں کا دودھ اتنا نہیں ہوتا کہ بچوں کی غذائیت کوپورا کرسکے، ان بچوں کو ماں کے دودھ کے سوا کوئی اور دودھ دینے سے انفیکشنز کا سامنا رہتا ہے۔
ترجمان ایس آئی سی ایچ این کے مطابق اس مسئلے سے نمٹنے کےلیے ہیومن ملک بینک کا قیام عمل میں لانا تھا۔
ترجمان کے مطابق ہیومن ملک بینک کی سروس مفت فراہم کی جاتی تاکہ خرید و فروخت کا کوئی تصور نہ ہو جبکہ مسلم بچوں کو صرف مسلم ماؤں کا دودھ دیا جاتا۔