کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں تاہم گرمی کم نہیں ہوئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری کی محسوس کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ملیر میں نصب نجی ویدر اسٹیشن میں گرمی کی شدت 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئی ہے۔
شہر میں سمندری ہوائیں 27 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، آئندہ 3 روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دن میں شمال مغرب سے گرم ہوائیں چلتی رہیں گی، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر مقامات پر آج سے موسم مزید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکار پور اور دیگر اضلاع میں درجۂ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جامشورو، تھر پارکر، دادو اور عمر کوٹ میں آج شام یا رات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔