پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پالیسی سازی افواج کا کام نہیں ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں علی محمد خان نے کہا کہ 16 جون 1948 کو قائداعظم نے فوجی افسران سے کہا پالیسیاں بنانا آپ کا کام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو قتل کروانے کے بعد قاتلوں کو تحفظ دیا گیا، میں ڈیمانڈ کرتا ہوں بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو سامنے لایا جائے۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں ان معاملات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، پوچھتا ہوں بانی پی ٹی آئی کو گولیاں مارنے کے بعد جوڈیشل کمیشن کیوں بننے نہیں دیا گیا؟
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاس آرمی چیف کو برطرف کرنے کا اختیار تھا، پوچھتا ہوں ان کی حکومت کیوں ختم کی گئی؟
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ طاقت کےلیے نہ لڑو، عوام کےلیے لڑو، اپنے لیڈر کی غلط بات کو غلط کہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پڑھیں اور اس سے سیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کیا قصور ہے؟ عالیہ حمزہ کا کیا قصور ہے؟ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر استعفیٰ دینے والے شاہ محمود قریشی کا کیا قصور ہے؟