جدہ (شاہدنعیم) سعودی اعلی حکام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ کا خطبہ اور نماز کا دورانیہ موسم گرما کے اختتام تک پندرہ منٹ تک کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ہدایت میں کہا گیا کہ’ پہلی اذان اور دوسری اذان کے درمیان وقت کا دورانیہ دس منٹ کرکے نماز کے لیے پہلی اذان کی وقت میں تاخیر کی جائے۔ اس بات کا اعلان مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کیا ہے۔ شیخ السدیس نے شاہی حکمنامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ’ یہ سعودی قیادت کی طرف سے حجاج کی اچھی صحت،آرام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جمعہ کی عبادت کی ادائیگی کو سہل اور آسان بنانے کےلیے قیادت کی توجہ کو بھی ظاہر کرتا ہے تاکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کرنے والے افراد مشکلات سے بچ سکیں۔