کراچی میں مسلسل دوسرے روز چلچلاتی دھوپ کا راج رہا، دن میں سمندری ہوائیں بند رہیں، شہری شدید گرمی سے بے حال ہوگئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے آج نشے کے عادی مزید 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں جس کے بعد 2 دن میں کراچی میں نشے کے عادی 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔
کراچی میں آج 42 ڈگری کی گرمی 50 ڈگری سے زائد محسوس کی گئی۔
فلیٹوں کے جنگل گلستان جوہر میں ریگستان جیسی گرمی محسوس کی گئی اور درجۂ حرارت 43.7 ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران پانی کی سپلائی معطل رہی۔
ایف بی ایریا بلاک 19، 20 اور کھارادر میں پانی غائب رہا، بلدیہ نیول کالونی اور موسیٰ کالونی میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے مزید دو روز تک کراچی میں شدید گرمی کی پیشنگوئی کی ہے۔