نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یورپ اور مشرق وسطیٰ میں متعدد تنازع جاری ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز ایک غیر معمولی تھنک ٹینک ہے، یہ ادارہ علاقائی اور عالمی امور پر غیر معمولی کردار ادا کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معیاری تحقیق کی وجہ سے اس انسٹیٹیوٹ کا اہم کردار ہے، تزویراتی اور خارجہ امور پالیسی پر اس انسٹیٹیوٹ کا بہترین کام ہے، عالمی سیاست میں ایک دور ختم ہو رہا ہے تو نیا دور شروع ہو رہا ہے، دنیا میں ملٹی پولیرٹی کا تصور ابھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں اور عورتوں کی نسل کشی جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسلامو فوبیا کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا بڑا چیلنج دنیا کو درپیش ہے، عالمی تعاون اور یکجہتی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، عالمی طاقتوں میں مخاصمت دنیا میں چیلنجز کو بڑھا رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ نئی سرد جنگ کا خوف دنیا کو ڈرا رہا ہے، پاکستان ایک تزویراتی جگہ پر موجود ہے، پاکستان قدرتی طور پر عالمی تزویراتی ماحول سے متاثر ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سیاست و تاریخ کے تناظر میں پاکستان کو احتیاط سے قدم اٹھانے ہیں۔ عدم مساوات، عالمی دہشتگردی اور بین الاقوامی جرائم کا مقابلہ کوئی ملک اکیلے نہیں کرسکتا۔