• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ رقم، افغانستان کا بڑا کارنامہ، پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل میں رسائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ کم اسکور کے باوجود افغانستان نے اپنی بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم پر8رنز سے شکست دے دی۔ اس نتیجے کے بعد ون ڈے کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا بھی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔ افغانستان نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 116 رنز کا ہدف دیا تھا، اسے سیمی فائنل تک رسائی کیلئے میچ 12.1 اوورز میں جیتنا تھا ۔ لیکن پوری ٹیم 105رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ افغان اننگز کے اختتام پر بارش کی وجہ سے میچ کچھ دیر کیلئے روکا گیا تھا۔ پلیئر آف دی میچ نوین الحق نے26 اور لیگ اسپنر راشد خان نے23رنز کے عوض چار، چار جبکہ فضل الحق فاروقی اور گلبدین نائب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے5 وکٹ پر 115 رنز بنائے۔ رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے 59رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، گرباز43رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ابراہیم 18، عظمت اللہ عمرزائی 10، گلبدین نائب 4، محمد نبی ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ راشد خان 19 اور کریم جنت 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے3 وکٹیں حاصل کیں۔ بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 19 اوورز میں 114 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ جواب میں ٹائیگر کی ابتدائی وکٹیں جلد گرگئیں تاہم اوپنر لٹن داس 54 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت نہ دلاسکے۔ تنزید حسین صفر، نجم الحسین شنٹو5، شکیب الحسن صفر، سومیا سرکار 10، توحید 14، محمد اللہ 6، رشاد حسین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پہلا سیمی فائنل جمعرات کی صبح جنوبی افریقا اور افغانستان جبکہ دوسرا گیانا میں شام ساڑھے سات بجے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

اسپورٹس سے مزید