الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز کی تقرری سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس شاہد کریم نے سلمان اکرم راجہ اور شہری مشکور حسین کی درخواستوں پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کر لی۔
عدالت نے درخواستوں پر سماعت جولائی کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
سلمان اکرم راجہ اور شہری مشکور حسین کی درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس بد نیتی پر مبنی ہے۔
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹریبونل مقرر کرنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے، آرڈیننس کا اطلاق الیکشن 2024ء پر نہیں ہو سکتا۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ عدالت صدارتی آرڈیننس کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دے۔