• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی نے عوامی مزاحمتی تحریک کا آغاز کردیا، منعم ظفر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شدید گرمی اور ہیٹ ویوز میں بھی شہر میں پانی کی قلت و بحران ، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم ، پانی چوروں و ٹینکرمافیا کی سرکاری سرپرستی اور سندھ حکومت ، قبضہ میئر وواٹر بورڈ کی نا اہلی و ناکامی کے خلاف بدھ کو جماعت اسلامی کی جانب سے شا رع فیصل واٹر بورڈ ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ دھرنے میں شدید گرمی کے باوجود شہر بھر سے پانی کے ستائے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سندھ حکومت ، قبضہ میئر ، واٹر بورڈ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مزاحمتی تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے سیاسی انتقام نہ لے ،اہل کراچی کو پانی دیا جائے ، کے فور منصوبہ فی الفور مکمل کیا جائے ، پانی چوروں ، ٹینکر مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرینٹ کی سرکاری سرپرستی ختم کی جائے ۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کا سسٹم بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی نے 16سال میں کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں کیا ، پیپلز پارٹی نے کرپشن اور نا اہلی کی انتہائی کردی ہے ،شہر میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کے شدید بحران کا ہے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بد ترین لوڈشیڈنگ کے باعث بڑی تعداد میں شہری ہیٹ ویوز میں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں ،کوئی الیکٹرک کو لگام دینے کے لیے تیار نہیں ۔ الیکٹرک نے درجنوں قسم کے ٹیکس لگا کر شہریوں کا جینا مشکل کردیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید