• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کو مذاکرات سیاستدانوں سے ہی کرنے ہیں، سینیٹر طاہر خلیل

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما سینیٹر طاہر خلیل سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان خودمختار ملک ہے امریکی ایوان نمائندگان پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے قرارداد پاس نہیں کر سکتا، تحریک انصاف جتنی بھی کوشش کرلے مذاکرات انہیں سیاستدانوں سے ہی کرنے پڑیں گے،جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا کہ امریکی قرارداد کے مقابلہ میں 90فیصد اراکین پارلیمنٹ کا ساتھ دینا ضروری ہے ورنہ یہ کمزور قرارداد ہوگی، الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ رہنما تحریک انصاف شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات صرف جوڈیشل کمیشن سے کروانا ہوگی، ن لیگ نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے ، مذاکرات کی پہلی شرط یہ ہے ہمارا مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر طاہر خلیل سندھو نےکہا کہ محبت اور مذاکرات شرطوں پر نہیں کیے جاتے، پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے بہت سی شرائط رکھ رہی ہے، تحریک انصاف جتنی بھی کوشش کرلے مذاکرات انہیں سیاستدانوں سے ہی کرنے پڑیں گے، عدت کیس میں اپیل ہائیکورٹ میں جائے گی تو عمران خان رہا ہوسکتے ہیں کیونکہ ہائیکورٹ انہیں غیرمعمولی ریلیف دے رہی ہے، پی ٹی آئی جس چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کرتی تھی وہی انہیں سب سے زیادہ ریلیف دے رہے ہیں۔طاہر خلیل سندھو کا کہناتھا کہ پاکستان خودمختار ملک ہے امریکی کانگریس کسی طرح بھی پاکستان میں انتخابات سے متعلق ایسی قرارداد منظور نہیں کرسکتی، امید نہیں پی ٹی آئی امریکی کانگریس کی قرارداد کے جواب میں قرارداد میں ہمارا ساتھ دے گی، آئین کے مطابق الیکشن کمیشن نے ٹریبونلز بنانے ہیں، پی ٹی آئی اپنا اور عوام کا وقت ضائع کررہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید