لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت5گھنٹے طویل خصوصی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی۔ ڈویلپمنٹ،بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ، تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس منظور کئے گئے-سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی۔ راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری دی گئی-ٹورسٹ گلاس ٹرین کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا-مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا-جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا-مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی-مری سمیت ہر شہر،علاقے،تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا-مری میں تعمیرات کے لئے بلڈنگ لاز میں ترمیم،منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی-غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا-پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کیا گیا-بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ موجودہ سسٹم کی مرمت اور بحالی کی جائے گی - مری میں روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زائد صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر سٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ مری میں بارش کو ذخیرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی- گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کرکے سٹور کیا جائیگا۔ 1100سے زائد گھروں میں بارشی پانی محفوظ کرنے کے پر اجیکٹ حکومت معاونت کرے گی-اولڈ راولپنڈی،مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی گئی- اولڈ مری روڈ میں عارضی پارکنگ کی جگہ بھی بنائی جائے گی-جھیکا گلی چوک کی ری ماڈلنگ،تجاوزات ہٹا کر توسیع اور لارنس کالج روڈ، بوسٹال موڑ تا بروری روڈ کی تعمیر و بحالی کی منظوری دی گئی- بانسرہ گلی وائلڈ لائف پارک میں ٹری ہاؤس، کیمپنگ سائٹ،واک ویز، ٹیرس پارکنگ ایریا بنانے کا فیصلہ کیاگیا-پی آئی اے، باغ شہیداں پارک کی انٹرنس، تعمیر نو اور سیاحوں کے لئے دلکش واک ویز بنائی جائے گی - مری بائیو ڈاؤرسٹی پارک سے پودوں، پرندوں اورجانوروں کے لئے قدرتی ماحول کی فراہمی اور پکنک ایریا بنانے کا فیصلہ کیا گیا-مری بائیو ڈاؤرسٹی پارک میں سیاحوں کے لئے ہٹس سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا-پارک میں آرٹسٹ کارنر، واک ویز، واکنگ ٹریک، ایکو ٹورازم کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا-بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ مری کی 16 اندرونی روڈز کی تعمیر ومرمت کاٹاسک مکمل کر لیا گیا۔ ساملی ہسپتال کی آپ گریڈیشن، سٹریٹ لائٹس اور پبلک ٹوائلٹس پر بریفنگ دی گئی۔