اسلام آباد(خصوصی نمائندہ، خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا مجلس وحدت مسلمین کےسربراہ کی بھوک ہڑتال کو 61 روز گزر چکے ہیں۔ پُرامن احتجاج اور عدم تشدد کی یہ روایت لائق تحسین ہے۔اپنے حقوق کے لیے احتجاج ہر پاکستانی کا قانونی و آئینی حق ہے۔پاکستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت سوچی سمجھی چال ہے جس کا مقصد وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔دہشت گردی صرف پاکستان تک محدود نہیں۔پوری امت مسلمہ اس کا شکار ہے۔ ہمیں تقسیم کر کے کمزور کیا جا رہا ہے، ایک دوسرے کی تکالیف کو سمجھنا ہو گا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے پُرامن احتجاج کا حکومت پر کوئی اثر نہیں ۔حکمران عوامی مشکلات سے مکمل طور پر بے حس ہو چکے ہیں۔ہم ریاست کے باوفا بیٹے ہیں۔ ہم عدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔