• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 بھارتی، تین افغانی آئی سی سی ٹیم آف ٹی 20 ورلڈ کپ کا حصہ، کوئی پاکستانی جگہ نہ بناسکا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔ آئی سی سی نے پیر کو ورلڈ کپ کی کارکردگی پر ٹیم کا اعلان کردیا، روہت شرما کی قیادت میں ٹیم میں 6 بھارتی، 3 افغانی کھلاڑی شامل ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی فائنل الیون میں فائنلسٹ جنوبی افریقا کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ بھارت کے روہت شرما کپتان مقرر کیے گئے ہیں، بھارت کے سوریا کمار یادو، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنے والی انگلینڈ کا بھی کوئی کھلاڑی ٹیم آف ٹورنامنٹ میں جگہ نہ بناسکا۔ بھارت کو عالمی چیمپئن بنوانے والے کپتان روہت شرما نے میگا ایونٹ میں 36.71 کی اوسط اور 156.7 کے اسٹرائیک ریٹ سے 257 رنز بنائے جس میں 3 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اننگز کا آغاز کرنے کے لیے روہت شرما کے ساتھ افغانستان کے جارح مزاج بیٹر رحمٰن اللہ گرباز کو رکھا گیا ہے، جنہوں نے 35.12 کے اوسط اور 124.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 281 رنز بنائے جس میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹر نکولس پورن کو نمبر 3 پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے 146.15 کے اسٹرائیک ریٹ سے 228 رنز ایک ففٹی کی مدد سے بنائے ۔ چوتھی پوزیشن پر بھارت کے سوریا کمار یادوو کو رکھا گیا ہے، جو 135.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 199 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے ٹی20 ورلڈکپ میں 164 کے اسٹرائیک ریٹ سے 169 رنز بنائے اور 10 وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی ٹیم کا حصہ ہیں، جنہوں نے 151.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے 144 رنز بنائے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔ افغانستان کے رحمان اللہ گرباز، راشد خان،فضل الحق فاروقی بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں ۔ جنوبی افریقا کے اینرخ نورکیا کو بارہواں کھلاڑی رکھا گیا ہے۔ فضل الحق فاروقی نے ورلڈکپ میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

اسپورٹس سے مزید