وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز ہمارے شہر کا سب سے بڑا اور اہم ایونٹ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت آئیڈیاز 2024ء کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، ڈی جی ڈی ای پی او میجر جنرل اسد نواز، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت دیگر لوگ شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 12ویں عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار 19 تا 22 نومبر کو ہو گا، 2000ء سے 2024ء تک آئیڈیاز کے انعقاد سے دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کے انعقاد سے دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک روابط مستحکم ہوئے ہیں، آئیڈیاز 2024ء ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے، جو ملک کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
ڈی جی ڈی ای پی او نے اجلاس میں بتایا کہ آئیڈیاز 2024ء میں 50 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں، آئیڈیاز برصغیر کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، ہم سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں، وہ آئیڈیاز کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ آئیڈیاز کے انعقاد کے لیے پولیس اور رینجرز فول پروف سیکیورٹی پلان بنائیں، جہاں سڑکیں، نکاسی آب اور اسٹریٹ لائٹس کی ضرورت ہے وہ فوری مکمل کی جائیں، شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر کیا جائے، آئیڈیاز 2024ء کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔