کراچی کے علاقے کورنگی میں فائرنگ سے 1 شخص کی ہلاکت کے حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کے باعث پیش آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول نعمان اپنا ہوٹل بند کر کے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے نعمان پر فائرنگ کر دی۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق نعمان نے زخمی حالت میں ہی ایک ملزم کو پکڑ لیا،بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نعمان جاں بحق ہو گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ قریب موجود شہریوں نے ملزم پر تشدد کیا، تشدد سے ملزم بھی ہلاک ہو گیا۔
ایس ایس پی کورنگی نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزم کا ساتھی موٹر سائیکل سمیت فرار ہو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے کورنگی میں فائرنگ سے 1 نعمان نامی شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم بھی شہریوں کے تشدد سے مارا گیا۔