• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پیپلز پارٹی کے کونسلر کے قتل کی ویڈیو سامنے آ گئی


کراچی کے علاقے کورنگی میں پیپلز پارٹی کے کونسلر عامر عباسی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

کونسلر عامر عباسی بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ انہیں گولی مار دی گئی۔

ویڈیو میں کونسلر کو گولی لگنے کے بعد گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق کونسلر کے قتل کے مقدمے میں 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

واضح رہے کہ پیر یکم جولائی کو کورنگی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کے یوسی کونسلر جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ عوامی کالونی تھانے کی حدود میں کورنگی سنگر چورنگی انڈس فارما کے قریب پیش آیا جس میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے 33 سالہ عامر عباسی ولد عزیز عباسی کی سڑک پر دوڑتی موٹر سائیکل کو روک کر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل زمین پر گرنے سے موٹر سائیکل پر عامر عباسی کے ساتھ سوار ان کے بھائی سمیر عباسی سر زمین پر لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

پیر کو ملیر کورٹ سے موٹر سائیکل پر اپنے بھائی کے ساتھ واپس آتے ہوئے کونسلر کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ عوامی کالونی ناصر محمود کے مطابق مقتول کورنگی کراسنگ کے رہائشی تھے جن کا 2017ء میں کورنگی ہی میں ممتاز عمرانی نامی شخص کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو زخمی کر دیا تھا، جس پر دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر مقدمات بھی درج ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق مقتول کے اہلِ خانہ نے عامر عباسی کے قتل میں ممتاز عمرانی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید