• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ود ہولڈنگ ٹیکس کا تنازع، ملک بھرمیں فلور ملز غیر معینہ مدت کیلئے بند

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ود ہولڈنگ ٹیکس کے تنازع پر ملک بھرمیں فلور ملز غیر معینہ مدت کیلیے بند کر دی گئیں۔

فلور ملز اور ہول سیلرز میں ڈیڈلاک برقرار ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 15سو سے زائد فلور ملز نے گندم واشنگ بند کر دی ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سے آٹا پیکنگ اور ترسیل مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، ٹیکس وصولی ایف بی آر کا کام ہے فلور ملز ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے والے ایجنٹس نہیں بن سکتے۔

اس حوالے سے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن (ساؤتھ زون) عامر عبداللّٰہ کا کہنا ہے کہ فلور ملز سے گندم مصنوعات کی سپلائی روک دی ہے۔

عامر عبداللّٰہ کا کہنا ہے کہ فلور ملز نے بجٹ میں گندم مصنوعات پر ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ کرنے پر پیداوار روکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس جمع کرنا ایف بی آر کا کام ہے، ہمیں ٹیکس ایجنٹ نہ بنایا جائے۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن (ساؤتھ زون) کا کہنا ہے کہ مطالبے کی منظوری تک گندم مصنوعات کی سپلائی بند رہے گی۔

لاہور: آج سے گندم کی پسائی اور آٹا سپلائی بند

لاہور فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ فلور ملز نے آج سے گندم کی پسائی اور آٹا سپلائی بند کر دی ہے۔ 

فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 1500 ملز مالکان نے ہڑتال کر رکھی ہے، ملک بھر سے فلور ڈیلرز بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں۔

عاصم رضا نے کہا کہ ہم ود ہولڈنگ ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، ود ہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہو جائے گا۔

پاکستان آٹا ملز ایسوسی ایشن کی کال پر راولپنڈی میں بھی ہڑتال

دوسری جانب پاکستان آٹا ملز ایسوسی ایشن کی کال پر راولپنڈی میں بھی ہڑتال ہے، آٹا ملوں میں گندم کی کرشنگ روک دی گئی ہے۔

ملز مالکان کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں آٹے پر کبھی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگا، گندم اور آٹے پر ود ہولڈنگ ٹیکس، ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکس منظور نہیں، اضافی ٹیکسوں کی واپسی تک آٹا ملز مکمل بند رکھی جائیں گی۔

کوئٹہ میں بھی فلور ملز مالکان کی ہڑتال

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی کال پر کوئٹہ میں بھی فلور ملز مالکان ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔

فلور ملز مالکان کی ہڑتال کے باعث فلور ملز میں گندم کی پسائی کا کام بند کر دیا گیا ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنما نعیم آغا کا کہنا ہے کہ  کوئٹہ میں تقریباً 25 فلور ملز ہیں،  بلوچستان میں مجموعی طور پر تقریباً 40 فلور ملز ہیں۔

نعیم آغا نے کہا کہ بلوچستان میں فلور ملز سے یومیہ تقریباً 30 ہزار بوری آٹا سپلائی ہوتا ہے، ایف بی آر کے ٹیکس لگانے سے فی بوری کی 600 سے 700 روپے قیمت بڑھ جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی ہڑتال کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں آٹے کے بحران کا شدید خدشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید