• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی ایئر لائن کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ، پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے


دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی پرواز کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران غیر متوقع طور پر پاکستان پہنچ جانے پر پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں 2 اسرائیلی شہری بھی سوار تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر متوقع طور پر پاکستان پہنچ جانے پر پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں نےاسرائیل میں حکام سے رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا تھا، اسرائیلی شہریوں نے کولمبو پہنچ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ میں پاکستان جانے کا بتایا۔

دوسری جانب ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پرواز میں اسرائیلی شہریوں کی موجودگی کا علم نہیں اور نہ ہی اس بارے میں کوئی ہدایت موصول ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی سے غیر ملکی ایئر لائن کی کولمبو کی پرواز میں خاتون مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں، جس کے نتیجے میں طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 569 دبئی سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو ایئرپورٹ جا رہی تھی کہ کراچی کے قریب بحیرۂ عرب پر پرواز کے دوران بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں سوار خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کراچی نے پائلٹ کے رابطہ کرنے پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔

کراچی ایئرپورٹ پر پرواز کے اترنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے مسافر خاتون کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکی تھیں۔

بعد ازاں پرواز میت کے ساتھ اپنی منزلِ مقصود کولمبو کے لیے روانہ ہو گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید