کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء مولاناحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ کیا فارم 47کی حکومت کو کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگانے کا حق حاصل ہے ،انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت تسلیم کرنا اور پابندی لگانے کا فیصلہ حکومت کا ہے یا پردہ پوش آمریت کا،کیا اس فیصلے سے سیاسی اور معاشی استحکام آسکے گی۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دومتضاد فیصلے ہیں سپریم کورٹ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے جبکہ حکومت اس پر پابندی عائد کرنے کا کہہ رہی ہے۔ماضی میں جن سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی گئی تھی وہ جماعتیں آج بھی موجودہیں لیکن پابندی لگانے والوں کانام ونشان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت ملک میں آئین کی بالادستی قانون کی حکمرانی پارلیمنٹ کی سپرمیسی اور سویلین بالادستی کی جدوجہد کررہی ہے۔ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے جلد صاف وشفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔