ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مضافات کے قریب گرج چمک کے بادلوں کی تشکیل ہو گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بادل سپرہائی ہائی وے کے اطراف کے علاقوں میں بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
کراچی میں یومِ عاشور کے موقع پر گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔
کراچی میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، تاہم گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد محسوس ہو رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس گرمی کی وجہ کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہونا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اپیل کی ہے کہ شہری باہر اور کھلے آسمان کے نیچے جانے میں احتیاط کریں۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہو سکتی ہیں، جس کے باعث آج کے مقابلے میں درجۂ حرارت میں کل سے کمی کا امکان ہے۔
ادھر موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ شمالی بحیرۂ عرب پر موجود ہوا کے کم دباؤ سے کراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شہر میں شمال مشرق سے گرم اور نم آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کے زائد تناسب کے باعث گرمی کی شدت تجاوز کر رہی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں گرمی کو محسوس کرنے کی شدت 50 ڈگری سے تجاوز کر رہی ہے۔
اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں گرمی اور حبس کی وجہ بتاتے ہوئے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں، شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔
مون سون ہوائیں مسلسل سندھ میں داخل ہو رہی ہیں، آج سے 20 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ اور بدین میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 20 جولائی تک ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، حیدرآباد، مٹیاری، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے، ان علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔