• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوکاڑہ میں پولیس اور حساس اداروں کی کارروائی، 6دہشتگرد ہلاک، بھارتی اور روسی ساختہ اسلحہ، خودکش جیکٹس اور نقشے برآمد

اوکاڑہ کینٹ(نمائندہ جنگ)اوکاڑہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران 6دہشت گرد ہلاک  جبکہ2 فرار ہو گئے ۔مقابلے میں 2اہلکار زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر ،انڈین اور روسی ساخت کے جدید خود کار ہتھیار، دھماکہ خیز مواد،خود کش جیکٹس اور ڈی پی او آفس کے نقشہ جات بر آمد ہوئے۔28ٹو آر میں مقابلے کے دوران2دہشتگرد فرار ،2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،دہشتگردوں کو پناہ دینے والے انجمن مزارعین کے صدر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس اور حساس ادارے کے ساتھ کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  فیصل رانا نے  بتایا کہ منگل کی رات مخبری ہوئی کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد قصبہ28ٹو آر میں ایک ڈھاری کے اندرچھپے بیٹھے ہیں۔پولیس اور حساس اداروں نے وہاں چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پہلے ایک دھماکہ کیا جس سے وہاں موجود مکان کی چھت اڑ گئی ۔بعد ازاں فائرنگ کی جس سے2 اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی ۔اسی دوران مزید نفری کو طلب کیا گیا جبکہ سی ٹی ڈی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔مقابلے کے دوران6دہشتگرد ہلاک ہو گئے جن کی لاشیں ڈھاری کے مختلف مقامات سے ملیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا تو ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضہ سے راکٹ لانچر،ڈیٹو نیٹر، خود کش جیکٹس،غیر ملکی ساخت کا خود کار اسلحہ،4 شناختی کارڈ اور ڈی پی او آفس کا نقشہ بر آمد ہوا۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے2ساتھی فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او کا کے مطابق جس ڈھاری میں دہشت گرد چھپے ہوئے تھے وہ انجمن مزارعین کلیانہ اسٹیٹ کے قائم مقام صدر اورجیل میں بندسلیم جھکڑ کے بھائی نعیم جھکڑ کی ہے جس کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا ہے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کس کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے ہے اس کا پتہ تفتیش کے دوران لگے گا۔دہشت گردوں سے جو قومی شناختی کارد ملے ہیں ان پر سمیع اللہ ولد غلام شبیب سکنہ ضلع شانگلہ،یاسب الرحمان ولد مراد گل سکنہ ضلع ہنگو،عامر حبیب ولد طاہر حبیب سکنہ بنوں اور سعید الرحمان ولدعبد الحمید سکنہ اسلام آباد درج ہے۔جن سے ابتدائی طور پر ان دہشت گردوں کی شناخت ظاہر ہوتی ہے۔ہلاک ہونے والے 2دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔نیوز ایجنسیوں کے مطابق مقابلہ2سے 3گھنٹے جاری رہا۔آن لائن کے مطابق دہشگردوں کا تعلق مبینہ طور پر القاعدہ سے تھا جبکہ صباح نیوز کے مطابق مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار اور2حساس ادارے کے اہلکار زخمی ہوئے۔6دہشت گردوں کی ہلاکت پر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے ڈی پی او کاڑہ کو ٹیلی فون کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پراظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ان سے بریفنگ لی۔ڈی پی او فیصل رانا نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اس وقوعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں درج کیا جائے گا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ملنے والے موبائل فون کو فرانزک لیبار ٹر ی کے لئے بھجوا دیا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد اس کے ڈیٹا کےذریعے پتہ لگایا جائے گا کہ دہشت گردوں کے کن کن لوگوں سے رابطے تھے۔دہشت گردوں کے ساتھ رابطوں میں رہنے والے افراد کو بھی سہولت کاری کرنے پر گرفتار کیا جائے گا۔
تازہ ترین