• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے جماعت اسلامی کے 35 کارکنان کی فوری رہائی کا اعلان کیا ہے، عطا تاڑر

ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو لیاقت باغ کے اندر منتقل کیا جائے، عطا تارڑ - فوٹو: اسکرین گریب
ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو لیاقت باغ کے اندر منتقل کیا جائے، عطا تارڑ - فوٹو: اسکرین گریب

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے 35 کارکنوں کی گرفتاری کی لسٹ پر حکومت نے فوری رہائی کا اعلان کیا ہے۔ 

کمشنر راولپنڈی آفس کے باہر جماعت اسلامی کے وفد سے مذکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تمام گرفتار کارکنان کی رہائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کل جو مذاکرات کا دور ہوگا اس میں ہماری کوشش ہوگی کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو لیاقت باغ کے اندر منتقل کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے اس مسئلے کو جلد سے جلد ختم کیا جائے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیادہ ترمطالبات بجلی سے متعلق ہیں۔ آج جماعت اسلامی کی جانب سے 35 گرفتار کارکنان کی فہرست فراہم کی گئی، جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جن حالات میں حکومت ملی یہ آسان کام نہیں تھا۔ 2018 میں ہم مہنگائی 4 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے۔ حکومت کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اخراجات میں کمی اور نجکاری سے اسپیس پیدا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں 50 ارب کی سبسڈی دی ہے۔ عوام کے ریلیف کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو پیٹرولیم مصنوعات پر بھی ریلیف سامنے آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ معاشی اصلاحات کی جارہی ہیں، ڈیجیٹل اسپیس پیدا کی جائے گی۔ ہمارا مشن ہے کہ دوست ممالک سے انویسمنٹ کروائی جائے، ہم چاہتے ہیں روپیہ مستحکم ہوجائے اور روزگار فراہم کیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دس مطالبات ہیں، ان پر ٹینکیکل کمیٹی بیٹھے گی۔ 

رہنما ن لیگ امیر مقام کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے جو مطالبات ہیں وہ ہم سب چاہتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک کو چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیکنیکل کمیٹی کل جماعت اسلامی کے ساتھ گفتگو کرے گی، ہم نے جماعت اسلامی کو کہا ہے مزید کارکنان کو رہا کردیا جائے گا۔

اس موقع پر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ جو باتیں جماعت اسلامی نے ہمارے سامنے رکھی ہیں وہ وزراء بھی کر رہے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایم این ایز کے ترقیاتی منصوبوں میں بھی کٹوتی کی ہے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ایک کروڑ سے زائد آبادی ہے، سڑک بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید