پیرس اولمپکس میں آسٹریلوی اولپمک دستے میں شامل مسلم باکسر ٹینا رحیمی نے حجاب کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کردیا۔
آسٹریلوی دستے میں پہلی بار کوئی مسلم باکسر شامل کی گئی ہے، فرانس میں حجاب پر پابندی عائد ہے۔ پابندی کی وجہ سے حجاب پہننے والے فرانسیسی ایتھلیٹ کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتے۔
فرانس میں آنے والے ایتھلیٹس پر حجاب کے حوالے سے پابندی عائد نہیں ہے، مسلم باکسر ٹینا رحیمی مکمل اسلامی لباس کے ساتھ باکسنگ میں حصہ لیتی ہیں۔
ٹینا رحیمی نے کہا ’خواتین اس بات کا حق رکھتی ہیں کہ وہ جس طرح کا چاہیں لباس کا انتخاب کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لباس چاہے حجاب کے ساتھ ہو یا اسکے بغیر، ہر کسی کا اپنا انتخاب ہے۔ میں نے حجاب پہننا منتخب کیا ہے کیونکہ یہ میرے مذہب کا حصہ ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں حجاب پہنتی ہوں۔‘
ٹینا رحیمی کا کہنا تھا کہ آپ کو مذہب، عقیدے اور اپنے کھیل میں کچھ منتخب نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی ایتھلیٹس کو مذہب اور کھیل میں سے ایک چیز کو منتخب کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کیسے کپڑے پہنتے ہیں، یا کس مذہب کے پیروکار ہیں۔
ٹینا رحیمی نے کہا کہ ہم یہاں صرف ایک ہی خواب کو حاصل کرنے کےلیے آتے ہیں کہ مقابلہ کریں اور جیتیں۔ اس سے کسی چیز کو خارج نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹینا رحیمی کے مطابق کھیلوں میں تفریق کو خوش آمدید نہیں کہا جا سکتا، خاص طور پر اولمپکس میں۔