طاقتور مون سون ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں آج اور کل آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں درمیانی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہؐ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں سمندری ہوائیں ہلکی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستا ن میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں آج کم و ہلکی اور کل تیز بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل 30 سے 50 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے، بارش کا یہ اسپیل 31 جولائی تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تین اور چار اگست کو ایک اور اسپیل ہے، نمی کی وجہ سے مون سون میں موسم کی ایسی ہی صورتِ حال ہوتی ہے، اگست کے پہلے ہفتے کے آخر تک ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔