• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاامتیاز آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں‘ تاجروں کی ملک گیر درخواست

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ملک بھر کے تاجروں‘ صنعتکاروں اور گھریلو صارفین کی طرف سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اینڈ کامرس (ایف پی سی سی آئی) کے برسراقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ نارتھ زون کے چیئرمین اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کل پاکستان وفاق کے سابق صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ بلاامتیاز آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں بجلی بل بڑھا کر صارفین سے 2ٹریلین روپے سالانہ رقم چند سرمایہ داروں کو پہنچانا بند ہونا چاہئے ،بجلی بلوں سے غربت میں تیزی سے اضافہ ملکی مستقبل کیلئے خطرناک ہے، آئی پی پیز کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے اور ملک میں حالات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے انڈی پینڈنٹ پاور پروڈیوسرز کی کپیسٹی پیمنٹس کے نتیجے میں صارفین پر پڑنے والے ناقابل برداشت بوجھ کو وزیراعظم شہباز شریف فوری ختم کرائیں۔ حکومت اس معاملے کو اولین ترجیح دے کیونکہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے عوام اور ملک بھر کے بزنسمین برادری میں غم و غصہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ بجلی کے بلوں میں ناقابل برداشت اضافے سے کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہو گیا ہے۔ وہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے بزنس مینوں‘ تاجروں‘ صنعتکاروں سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب یہ بات آپ کو ذہن نشین کرانا چاہتے ہیں کہ بھاری بلوں کے نتیجے میں کاروبار تیزی سے دیوالیہ ہو گئے ہیں اور بیروزگاری میں اضافہ قوم کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ عبدالرئوف عالم نے کہا کہ عوامی اشتعال اور مایوسی کی وجہ سے حالات اچانک تبدیل ہو سکتے ہیں اور اگر معاملات بگڑ گئے تو اُن پر قابو پانا شاید مشکل ہو جائے۔
اہم خبریں سے مزید