اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے لیڈر شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کے لاپتا ہونے سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے تحریری حکم نامہ میں آبزرویشن دی ہے کہ ملک میں ہونے والی شہریوں کی جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم اوران کی کابینہ پر عائد ہوتی ہے، شہباز گل کے بھائی کی 6 اگست کوعدالت میں پیشی یقینی بنائی جائے،ہفتہ کے روز جاری کئے گئے تحریری حکمنامہ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل سنگل بنچ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مغوی کی بازیابی اوراس کی 6 اگست کوعدالت پیشی کو یقینی بنانے کا حکم جاری کیاہے ،عدالت نے حکم نامہ کی کاپی پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیر اعظم کو بھجنے کا حکم دیتے ہوئے قراردیاہے ہے کہ ضروری ہے کہ وزیر اعظم ہنگامی اقدامات کے ذریعے جبری گمشدگی کے اس مکروہ عمل کا سد باب کریں۔