کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد ہفتے کو موسم خوش گواررہا، گرمی شدت میں کمی محسوس کی گئی،جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، ہفتے کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، تاہم سڑکوں پر پچھلے دو دن کی بارش کا پانی بدستور جمع ہے جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر دکھائی دی، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں سب سے زیادہ کیماڑی میں 4.1 ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی،پی اے ایف مسروربیس 20 ملی میٹربارش ،قائدآباداورصدر میں19 ، اورنگی ٹاؤن میں18.2 ملی میٹر،کورنگی 16.2 ، ڈی ایچ اے فیزٹو میں14.7ملی میٹر،پی ایف بیس فیصل پر11 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔ اولڈ ایئرپورٹ4.8 ، حسن اسکوائر پر 3.5ملی میٹر ریکارڈ،جناح ٹرمینل ، گلشن حدید، سرجانی میں 3 ملی میٹر ،ناظم آباد میں2.5 ، میٹ کمپلیکس میں1.8 ملی میٹر ،ابراہیم حیدری 1.5 ، بن قاسم میں0.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،سب سے کم گلشن معمار میں0.5 ملی میٹر بارش ریکاڈ ہوئی۔