• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا مہنگی بجلی، آئی پی پیز کیخلاف گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا شروع

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کے تحت شہر میں لوڈشیڈنگ،مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنے کا آغاز ہوگیا،دھرنے میں تاجر، مزدور اور محنت کش، علماء کرام، اساتذہ، طلبہ، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء وصحافی برادری سمیت ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شریک ہیں۔ دھرنا امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت راولپنڈی دھرنے کا تسلسل اور اظہار یکجہتی کے لیے دیا جارہا ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہاؤس پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک راولپنڈی اور کراچی کا دھرنا بھی جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز،ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں، آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس واپس لیے جائیں،بچوں کے دودھ اور اسٹیشنری پر ٹیکس ختم کیا جائے، جاگیرداروں اور طبقہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے فارنزک آڈٹ کیا جائے۔ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی فراہم کی جائے،کراچی کو پانی دیا جائے، کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہے، گورنر اگر عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو وہ گورنر ہاوس خالی کریں اور گھر چلے جائیں۔ وفاقی حکومت میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید