• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کو باضابطہ طور پر قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کا کہا ہے، وزیراعظم

 
وزیراعظم شہباز شریف : فوٹو فائل
وزیراعظم شہباز شریف : فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کو باضابطہ طور پر پاکستانی قرضوں کو پانچ سال کے لیے ری شیڈول کرنےکی درخواست کی ہے، امید ہے چین قرض ری شیڈول کرے گا۔

چین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین آئرن برادر ہے، چین سے دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سی پیک جاری رہے گا، سی پیک منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپنےحالیہ دورہ چین میں اہم مقاصد حاصل کیے ہیں، چین کو باضابطہ طور پر پاکستانی قرضوں کو 5 سال کےلیے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی، اُمید ہے کہ چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی۔ عوام کو بھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کےلیے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چینیوں کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ مہنگائی اور بجلی کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ آئی پی پیز پر ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں، حکومت 200 یونٹس تک کے صارفین کو ریلیف دے چکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید